لاہور(بیورورپورٹ )ضمنی انتخابات میں معنی خیز شکست اور پنجاب حکومت ہاتھ سے نکلنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نئی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے ، پارٹی کو متحرک اور مضبوط کرنے کے لئے مریم نواز کو نائب صدر کے ساتھ نیا عہدہ بھی دئیے جانے کا امکان ہے ،مریم نواز آنے والے دنوں میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں زیادہ وقت گزاریں گی جس کے لئے ان کے علیحدہ سے دفتر کی تیاری بھی جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں پارٹی کو سیاسی طور پر متحرک اور مضبوط کرنے کے لئے مریم نواز کو ذمہ داری سونپ دی ہے جس کے لئے انہوں نے آئندہ بھرپور سیاسی ملاقاتیں اور سر گرمیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق قیادت کی طویل مشاورت اور مسلم لیگ (ن)کے قائدکی ہدایت پر مریم نوازکو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی نائب صدر کے علاوہ مریم نواز کو ایک اضافی عہدہ دینے کا بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے پارٹی کو مضبوط بنانے اور اس کو ہر جگہ متحرک کرنے کیلئے مریم نوازکو باضابطہ اہم ٹاسک مل گیا۔ مریم نواز جاتی امرا ءکے بجائے ماڈل ٹاﺅن میں بیٹھ کر سیاسی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گی اور حصہ لیں گی،اس کے لئے ماڈل ٹاﺅن سیکرٹریٹ میں مریم نواز کے لیے الگ سے آفس کی تیاری کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔مریم نواز کے لئے دفتر پارٹی سیکرٹریٹ کے عقب میں بنایا جا رہا ہےجہاں وہ بھرپور سیاسی سر گرمیاں کریں گی ۔پارٹی ذرائع کے مطابق تزئین و آرائش کے بعد دفتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کو مانیٹر کرنے کے لئے جدید آلات نصب کئے جائیں گے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شرہف کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے متعدد ونگز مریم نواز کو ہی رپورٹ کریں گے۔