راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک پاکستان نے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچنے کی کال دے دی۔سیکرٹری اطلاعات ٹی ایل پی محمد امجد رضوی کے مطابق ایک ماہ قبل پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مانگی گئی تاہم اجازت نہیں دی گئی، رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراونڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کیا ہم بھارت سے آئے ہیں؟ ہماری جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے، عمران خان کو پریڈ گراونڈ میں جلسے کی اجازت ہے تو ہمیں کیوں نہیں؟محمد امجد رضوی نے کہا کہ نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنس کے لیے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچے کی کال دی جا چکی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ سعد رضوی کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے اور ہمارے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔