اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کربلا کا الم ناک واقعہ ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور عظیم مقاصد کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں یہ بھی سبق دیتی ہے کہ جو قومیں اور معاشرے حق پر ڈٹ کر کھڑے ہوتے ہیں، باطل ان کے سامنے ٹہر بھی نہیں سکتا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری اپنے ایک پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیدنا امام حسین اور ان کے 72 جانثاروں و رفقاءکی قربانی رہتی دنیا تک انسانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے،اہل بیت کی پیاس اور سرزمینِ کربلا کے کمسن شہدا کا دکھ رہتی دنیا تک کےلئے ایک ایسا المیہ ہے کہ جس کے غم کی آج بھی وہی شدت ہے کہ جو پہلے دن تھی، کربلا میں خانوادہ رسول کی بے بسی اور ایسے میں حق کا عَلم بلند کرنا ایک ایسا جرات مندانہ عمل ہے جو پوری انسانیت کو باطل کے خلاف جدوجہد کے لئے جوڑتا ہے، دریائے فرات کی نہر علقمہ کے کنارے ایک ایسی داستان رقم ہوئی جس نے دنیا میں حق کے خاطر اٹھ کھڑے ہونے والوں کو حریت کا درس دیا اور یہ بتایا کہ سچ کے لئے لڑنے والے اپنا سر تو کٹاسکتے ہیں مگر اسے جھکا نہیں سکتے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امام عالی مقام نے جھوٹ، تشدد اور مطلق العنانی کے خلاف ڈٹ کر دینِ اسلام کے اصل پیغام کو بقاءاور حیاتِ جاوداں عطا کی۔انہوں نے زور دیا کہ آج وطنِ عزیز میں حق اور باطل کے درمیان کشمکش فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، اس وقت ہمیں سید الشہداءکے پیغام کو عام کرنے اور ان کی حق گوئی سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محرم الحرا م کے موقع پر ملک میں رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کی فضا کو فروغ دے کر یکجہتی اور قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔