اسلام آباد ( بیورو رپورٹ)
پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و نشریات فیصل بھٹی نے کہا بلوچستان کو مفت تعلیم اور صحت کا حق حاصل ہے جس سے انہیں کوئی محروم نہیں کر سکتا۔ آج کے ترقیاتی دور میں بھی بلوچستان کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک کے باعث سڑکوں کا جال بچھنے سے عوام کے لیے آمدورفت میں کافی حد تک آسانی تو ہو گئی لیکن زندگی کی دیگر بنیادی سہولیات پر توجہ نہ دی گئی جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں میں غم و غصہ اور احساس محرومی بڑھا۔ فیصل بھٹی نے کہا کہ بلوچستان میں مفت علاج اور تعلیم فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ قیوم کے سربراہ سید فقیر حسین بخآری 10 اگست سے بلوچستان کے تنظیمی دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ انکے ہمراہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسد محمود، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل بھٹی اور سوشل میڈیا آرگنائزر ثقلین بخآری بھی ہونگے۔ اس دوران پارٹی سربراہ گوادر، تربت اور کوئٹہ میں مقامی قائدین کے ساتھ پارٹی اجلاس کی صدارت کرینگے اور مسلم لیگ قیوم کی تنظیم سازی کے لیے اہم فیصلے کرینگے۔ چھ روزہ دورے کے دوران سید فقیر حسین بخآری بلوچستان کے مسائل پر اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں اور تبادلہ خیال بھی کرینگے۔
فیصل بھٹی نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ قیوم ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم حکومت کی توجہ بلوچستان کی طرف گامزن کروانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کی عوام کی معاشی اور مالی حالت میں بہتری آسکے۔ ماضی کی حکومتوں نے بھی اس جانب توجہ نہ دے کر بڑی غلطی کی لیکن اب ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، پاکستان کی شان ہے اور ہم اپنی شان کو قائم رکھنے کے لیے کسی قربانی سے گریز نہیں گے۔