لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن پر تنقید کے نشتر چلادئیے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی انتشار پیدا کرنے کی کوشش قومی مفادات کے منافی ہے، سیاسی عدم استحکام کی کوشش کرنے والوں کو قوم کھبی معاف نہیں کرے گی۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف مفادات کےلیے ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے کےدرپےہے، اپوزیشن رہنما یاد رکھیں! انسانیت کی خدمت صرف تقریروں سےنہیں ہوتی، عوام جان چکے ہیں کہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ منفی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے ساڑھے 3 برس کے دوران صرف نعرے لگائے، قوم وزیراعظم عمران خان کے سا تھ ہے اور ساتھ رہے گی۔
گذشتہ روز لاہور میں پنجاب اسمبلی کے رکن خرم خان لغاری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یکساں ترقی صوبے کے ہر شہر کے لوگوں کا حق ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں عوام کی خوشحالی کیلئے تین سو ساٹھ ارب روپے مالیت کا ضلعی ترقیاتی پیکج دیا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ حزب اختلاف کو صوبے کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔