کراچی( بیورو رپورٹ ) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ شاہ محمود قریشی کے بعد اب اسد عمر بھی وزیراعظم ہونے کی خواب دیکھنے لگے ہیں،پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو منافقت کی سیاست پر کمال حاصل ہے۔پی ٹی آئی رہنماﺅں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصرحسین شاہ نے کہاکہ اسد عمر کہتا ہے کہ عدم اعتماد سے پہلے انہیں پرائم منسٹر شپ کی آفر ہوئی،اسد عمر سے تو وزارت خزرانہ نہ چل سکی اب وزیراعظم بننے کیلئے خود کو پیش کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ فواد چودھری کو پاکستانی ایئر اسپیس استعمال کرنے پر اعتراض مگر امریکی فنڈز پر سیاست کرنے پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی اداروں کے خلاف پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر مہم چلا رکھی ہے اس کا ان کو حساب دینا ہوگا۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کو شہدا کی قربانیوں کا احترام کرنے کے بجائے ان کے خلاف مہم جوئی پر شرم آنی چاہئے