کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاﺅن اور شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں جن میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے،بفر زون، کلا کوٹ اور ماری پور روڈ پر پولیس مقابلے میں 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاجبکہ گلشن اقبال میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاﺅن کی اقبال مارکیٹ میں 2 گروپوں میں جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔فائرنگ کی زد میں آ کر سرور نامی راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔فائرنگ میں ملوث دونوں گروپ زمین پر قبضے میں بھی ملوث ہیں۔فائرنگ میں ملوث افراد عرفان عرف ٹوپی اور دانش عرف ملا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔شاہ فیصل کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جس فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 5 انور کلینک کے قریب 40 سالہ شخص کی لاش کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی جہاں معلوم ہوا کہ مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔پولیس نے مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی۔پولیس کے مطابق مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی، مقتول کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے جس کے دائیں بازو میں گولی لگی اور سینے کو چیرتی ہوئی بائیں جانب سے باہر نکل گئی، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق بفرزون سیکٹر 16 اے میں مقابلے کے بعد ایک ڈاکو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے ماری پور روڈ پر مقابلے کے بعد ڈاکو جاوید کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔لیاری کے علاقے کلا کوٹ میں مقابلے کے بعد پولیس نے ڈاکو عامر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گلشنِ اقبال کے بلاک 1 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم نامی شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔