اسلام آباد( نیٹ نیوز ) پاکستان نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جارحیت کی تازہ ترین لہر بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان عاصم افتخار نے کہاکہ اسرائلی جارحیت کے نتیجے میں ایک 5 سالہ بچی سمیت متعدد بے گناہ فلسطینیوں کی شہید اور زخمی ہوئے، جارحیت کی تازہ ترین لہر بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ جارحیت کی تازہ ترین لہر دہائیوں سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم، غیر قانونی اقدامات اور طاقت کا اندھا دھند استعمال ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر زور دے کہ وہ طاقت کے بے دریغ استعمال کو روکے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرے۔انہوںنے کہاکہ جارحیت کو فوری طور پر روکنا ناگزیر ہے، ہم اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار، فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ایسی فلسطینی ریاست کہ جس کا دارلحکومت القدس الشریف ہو ہی مسئلہ فلسطین کا واحد، جامع اور دیرپا حل ہے۔