بیجنگ /واشنگٹن ( نیٹ نیوز )چین نے موسمیاتی تبدیلی اور دہشتگردی کی روک تھام سمیت متعدد معاملات پر امریکا سے تعاون ختم کر نے کا اعلان کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے شدید تحفظات اور سخت مخالفت کے باوجود تائیوان کادورہ کیا اور ون چائنا پالیسی کو پامال کیا۔چینی وزارت خارجہ نے بطور احتجاج امریکا کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور دہشتگردی کی روک تھام سمیت متعدد معاملات پر تعاون ختم کرنے اور فوجی مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس کے علاوہ چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی پر پابندی بھی لگا دی جبکہ امریکا نے چین کا اقدام غیرذمہ دارانہ قراردیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ترجمان امریکی قومی سلامتی کونسل جان کربی نے کہاکہ چین فوجی مشقیں اور بیان بازی ختم کرکے کشیدگی کم کر سکتا ہے ۔جان کربی نے کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں سزا دے رہا لیکن حقیقت میں وہ دنیا کوسزا دے رہا ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاوس نے چینی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا۔