اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فنڈ قائم کر دیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق انہوںنے کہاکہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتا ہوں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں ۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغری برپا کی ہے ۔
انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں غیر معمولی تباہی ہوئی ہے، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بے تحاشہ نقصانات ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لئے فوری جاری کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام بالخصوص مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ مشکلات میں گھرے ان پاکستانیوں کو دوبارہ آباد کرنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرہ بھائیوں بہنوں اور بچوں کی مدد انصار مدینہ والے جذبے سے کرنے کی ضرورت ہے جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کرکے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹرءریلیف فنڈ 2022 کے اکاونٹ نمبر ‘جی-12164’ میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے،صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔