لاہور (بیورورپورٹ)عالمی بینک نے ورلڈ فوڈ سکیورٹی اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق روس اور یوکرائن جنگ نے غریب ممالک کو خوراک اور قرضوں کے بحران میں مبتلا کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق افریقی ممالک کو 40 سال کی بدترین غذائی قلت کا سامنا ہے اور پاکستان سمیت کئی کم آمدن والے ممالک میں مہنگائی ڈبل ڈیجیٹ میں ہے۔
عالمی بینک نے بتایا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں غذائی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا اور مختلف غذائی اشیا ءکی قیمتیں 5 سے 30 فیصد تک بڑھ گئیں۔عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران خوراک 25.9 فیصد تک مہنگی ہوئی اور کم اور متوسط آمدن والے تمام ممالک میں خوراک کی مہنگائی زیادہ ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ پچھلے 2 ہفتوں سے زرعی مصنوعات سمیت عالمی قیمتیں مستحکم ہیں اور روس اور یوکرائن کے درمیان 2 کروڑ ٹن گندم جاری کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔