اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا میں 29ویں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رتنو مارسودی سے ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقا ت میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے پاکستان کو پام آئل کی برآمدات کے لیے بروقت سہولت فراہمی پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا ، دونوں وزرائے خارجہ نے او آئی سی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کہاگیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کو بین الاقوامی تنظیموں کے فریم ورک میں شامل کرنے کے لیے قریبی مشاورت کی ضرورت ہے، ایشیا پیسیفک میں پیش رفت اور مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تمام جہتوں میں عوام سے عوام کے رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔