اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو 3 برس مکمل ہونے پر ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘5 اگست 2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے 3 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں جن میں یہ کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزاد اور غیر جانبدارانہ اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سفاکانہ کارروائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین بشمول چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے انکار میں، جنوبی ایشیا اور خطے کے لیے سنگین مضمرات ہیں، خطے کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ لوگ امن اور خوشحالی کی وہ سحر دیکھنے کے مستحق ہیں
جسے بھارت نے یرغمال بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر کے تنازع کا حل، خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ استحصال کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 3 سال ہو چکے ہیں جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو تبدیل کرنا اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بلاروک ٹوک بے لگام طاقت کا استعمال کیا ہے، بہادر کشمیریوں نے نسل در نسل خوف، دھمکی، تشدد اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے، بھارتی جبر ان کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا تنازع شدید مشکلات کے خلاف امید، خوف کے خلاف ہمت اور ظلم کے خلاف قربانی کی جنگ رہی ہے،
آج، ہم مقبوضہ کشمیر کے تمام شہدا کو ان کی لازوال قربانی اور ان کے اہل خانہ کو ان کے عزم اور حوصلے کے لیے بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے اور اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ 3 برسوں میں ہونے والی پیش رفتوں نے یہ بات واضح کردی ہے کہ بھارت، مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کو آگے بڑھانے کے اپنے مذموم منصوبوں پر مسلسل عمل پیرا ہے۔