کراچی میں لوٹ مار اور قتل وغارت گری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہےلیکن پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال، نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ بن گئیں۔
کراچی شہر بھر کی طرح کورنگی کاز وے پر بھی مسلح ملزمان کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
کورنگی کاز وے پر پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال ہونے کے باعث رات کی تاریکی کے ساتھ دن دہاڑے بھی لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خالی چوکیوں کے باعث بے خوف مسلح ملزمان کے جتھے نے گزشتہ شب کاز وے پر ٹریفک جام کے دوران کئی افراد کو لوٹ لیا لیکن مسلسل وارداتوں میں اضافے کے باوجود پولیس کو ہوش نہ آیا۔
کورنگی کاز وے پر قائم پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیر فعال ہیں اور کافی عرصے سے یہاں کوئی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث پولیس کی چوکی نشے کے عادی افراد نے اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے اور یہاں ہر وقت نشے کے عادی افراد کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کی چوکی میں نشے میں استعمال ہونے والی اشیا کی باقیات اور گندگی کا ڈھیر لگ چکا ہے۔
دوسری جانب حکومت سندھ سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔