کراچی ( نمائندہ خصوصی ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پچھلے ایک سال میں حتیٰ الامکان کوشش کی ہے کہ جو بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں شہر کی بہتری کے لئے خرچ اور استعمال کیا جائے جو لوگ مجھ پر تنقید کر رہے ہیں یقین جانیں اگر یہ خدانخواستہ جیت کر آبھی گئے تو یہ اگلا دھرنا دیں گے کہ میرے پاس اختیارات نہیں ہیں اختیارات کا رونا بہت ہوگیا اب اس پر توجہ دیں کہ کس نے اختیارات کا صحیح استعمال کرتے ہوئے شہریوں کی خدمت کی ہے، کوشش ہے کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور سیوریج کے کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ عاشورہ کے موقع پر عزاداروں سمیت عام افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو،
جہانگیر روڈ پر سیوریج اور سڑک کا ترقیاتی کام جاری ہے،سیوریج کا کام مکمل ہوتے ہی سڑک کی استرکاری کردی جائے گی، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز جہانگیر روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارشوں کے باعث اس سڑک کو نقصان پہنچا ،یہاں کام کسی اور نے کیا تھا اور غلط طریقے سے کیا تھا مگر تنقید کے ایم سی پر کی گئی ، یہاں سڑک بناتے وقت سیوریج کے سسٹم کو چوک کردیا گیا تھا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ سیوریج اور بارش کا پانی اوور فلو ہوا جس سے سڑک کا تقریباً آٹھ سو میٹر تک کا حصہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوا، کے ایم سی چاہتی تو یہاں فوری طور پر کارپیٹنگ کرا دیتی مگر کچھ عرصے بعد پھر اس روڈ کا وہی حال ہوتا کیونکہ اصل مسئلے کو حل ہی نہیں کیا گیا تھا لہٰذا ہم نے یہاں ایک نئی سیوریج لائن ڈالی ہے جو گرومندر سے لے کر جہانگیر روڈ تک سیوریج اور برساتی پانی کو ساتھ لے کر نالے تک جائے گی، نئی لائن کا نوے فیصد کام مکمل ہوگیا ہے،سیوریج کا کام مکمل ہوتے ہی ہم یہاں سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کردیں گے۔