لاہور (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس (ریٹائرڈ) میاں ثاقب نثار کے ترجمان نے کہا ہے کہ میاں ثاقب نثار ریٹائرمنٹ کے بعد سے مسلسل اپنے محبوب وطن پاکستان میں قیام پذیر اور اس کی تعمیر وترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ مستقبل میں بھی اپنے ملک سے ہجرت کرنے اور کسی بیرون ملک منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
ان کے حوالے سے بیرون ملک منتقل ہونے کی باتیں من گھڑت افواہوں سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ میاں ثاقب نثار کو ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز مہم کے دوران اوورسیز پاکستانیوں اور ہم وطنوں سے جو عطیات موصول ہوئے وہ ریاست پاکستان کی امانت اور ڈیم کی تعمیر کیلئے مختص ہیں جبکہ ڈیم اپنی مخصوص رفتار اور عالمی معیار کے ساتھ زیر تعمیر ہے اور ان شاء اللّٰه مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ میاں ثاقب نثار کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالے مٹھی بھر شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں بری طرح ناکام ہوں گے۔