کراچی(کرائم رپورٹر )
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلو مات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیت گروہ کے 4 ملز مان سیف اللہ، برکت اللہ، اکرام اللہ اور سید واحد کو گر فتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والے 6عدد پسٹل بمعہ ایمونیشن،3عدد مو ٹر سا ئیکل اور ٹیمپرنگ ٹول برآمدکر لیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیاہے۔ملزم سیف اللہ اپنے ڈکیت گروہ کے کارندوں کو دو سے تین ہزار روپے کے عوض اسلحہ کرایہ پر دیتا تھا جوکہ واردات کرنے کے بعد اسے واپس کر دیتے اور چھینے گئے موٹرسائیکل بھی انتہائی کم قیمت پر خریدا کر تا تھا۔ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ وہ چھینے گئے موٹرسائیکلوں کے انجن اور چیسز نمبر ٹیمپر کرنے اور جعلی کاغذات بنانے کے بعد اس کو مارکیٹ میں فروخت کر تے تھے۔
گرفتار ملزمان کوبمعہ برآمد شدہ اسلحہ، ایمونیشن اورموٹر سائیکل مزیدقانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔