کراچی( نمائندہ خصوصی) سندھ کابینہ نے پیپلز بس سروس کے ساتوں روٹس کی مرمت کیلئے ڈیڑھ ارب روپے روپے کی منظوری دے دی ہے۔منگل کووزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔سندھ کابینہ نے پیپلز بس سروس کے ساتوں روٹس کی مرمت کے لئے ایک اعشاریہ پانچ بلین روپے کی منظوری دے دی، ان روٹس کی مرمت کے ایم سی اور کے ڈی اے کریں گے۔
وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ متبادل ٹیکنالوجی کے طور پر ہمارے پاس شمسی توانائی موجود ہے ہمارے پاس پہلے سے ہی سولر ٹیوب ویلز اور اسٹریٹ لائٹس موجود ہیں، منی سولر گرڈ قائم کرکے دیہات کو بجلی دی جاسکتی ہے۔کابینہ نے ولیج الیکٹریفکیشن کو سولر پی وی ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی مہیا کرنے کی منظوری دے دی۔اجلاس کے دوران مشیر زراعت منظور وسان نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث کجھور کے کاشتکاروں کا بڑا نقصان ہوا ہے، اس کے علاوہ چاول اور دیگر فصلوں کو بھی بہت نقصان ہوا ہے۔وزیراعلی سندھ نے فصلوں، سڑکوں اور گھروں کو بارشوں سے نقصانات کی تفصیلات طلب کرلیں، انہوں نے کہا کہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کریں۔