اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی ممنوعنہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پہلی ہی سماعت میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اڑا دے گی۔سابق وزیر داخلہ اور عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ 8 سال قوم کا وقت ضائع کیا گیا، عمران خان کے خلاف ایک طوفان بد تمیزی کھڑا کیا گیا، سپریم کورٹ پہلی ہی سماعت میں ای سی پی کا فیصلہ اڑا دے گی۔
شیخ رشید نے چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجا کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ملک کے لیے وہ خود استعفیٰ دے دیں، پی ٹی آئی کے نزدیک چیف الیکشن کمشنر سوالیہ نشان بن چکے ہیں، ایک شخص کے لیے اداروں اور ملک کو اتنا خطرہ نہیں لینا چاہیے، عوام سیاست سے اکتا چکے ہیں، وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی گرما گرمی میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔شیخ رشید نے کہا کہ اب وہ وقت نہیں ہے کہ ماضی کی طرح سیاسی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، عمران خان نے قوم کو شعور دے دیا ہے کہ عوام فیصلے کرنے کا اختیار اپنے ہاتھوں میں لے سکتے ہیں، اس حکومت اور اس کے اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے۔
انہوںنے کہا کہ اس وقت تمام ادارے قوم کے جذبات کو نظر انداز نہیں کرسکتے، ایسے حالات میں جب ملک بد ترین معاشی حالات کا شکار ہے، پڑوسی ملک کے حالات خراب ہیں، ایسے میں ملک کے مقبول رہنما سے پنگا لینا ملک کی خدمت نہیں ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے فتح کا دن ہے، یہ ایسا فیصلہ ہے کہ جس سے ملک میں کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ پہلی سماعت میں ہی اس فیصلے کو اڑا دے گی، تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں قانون ہونا چاہیے، سب کے اکاونٹس کا بیک وقت جائزہ لینا چاہیے۔