لاہور( نمائندہ خصوصی ) تیمرگرہ، لوئر دیر میں 40.8 میگاواٹ کا کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2022 کے آخر تک نیشنل گرڈ کو مطلوبہ گرین توانائی کی فراہمی شروع کر دے گا۔چین کا سیچھوان،سرور، سی لیان چوہنگ چھنگ لو یانگ (جے وی) اس منصوبے کا کنٹریکٹر ہے جو مستقبل میں سالانہ 205 جی ڈبلیو ایچ توانائی برآمد کرے گا۔اس منصوبے پر تعمیر کا آغاز فروری 2015 میں کیا گیا تھا جبکہ اصل منصوبے کی تکمیل کی تاریخ فروری 2019 تھی۔
کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کم یونٹ لاگت کی وجہ سے انتہائی فائدہ مند ہے اور اس سے تھرمل فیول کی درآمد پر زرمبادلہ کی بچت میں مدد ملے گی۔ منصوبے کی وجہ سے گیس تھرمل پلانٹ سے تقریبا 71,100 ٹن اور ڈیزل تھرمل پلانٹ سے 129560 ٹن سالانہ کاربن گیس کے اخراج سے گریز کیا جائے گا۔پی ای ڈی او کے مطابق 50 سال سے زائد عرصے کے پراجیکٹ کے مالی فوائد کا تخمینہ 9.63 روپے فی کلو واٹ کی مجوزہ قیمت پر لگایا گیا ہے۔ فنانشل انٹرنل ریٹ آف ریٹرن کو 12.49 فیصد بنایا گیا ہے جو اس منصوبے کو مالی طور پر قابل عمل بناتا ہے۔