نئی دہلی (نیٹ نیوز)پڑوسی ملک بھارت میں 30برس قبل پیدائش کے وقت مرنے والوں کی شادی کرادی گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوبھا اور چندپا (جو پیدا ہوتے ہی مر چکے تھے)کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں پیدائش کے وقت یا نومولود بچے کے مرنے کے 30 سال بعد اس کی شادی کی عجیب و غریب رسم ادا کرنے کا رواج ہے جسے پریتھا کلیانم یعنی مردہ کی شادی کا نام دیا گیا ہے۔پریتھا کلیانم کی اب بھی کرناٹک اور کیرالہ کے کچھ حصوں میں پیروی کی جاتی ہے، جہاں پیدائش کے دوران مرنے والوں کے لیے شادی کی رسم ادا کی جاتی ہے، وہاں کے لوگ اسے اپنی روحوں کے احترام کے طریقے کے طور پر مانتی ہیں۔اس حوالے سے بھارتی یوٹیوبر ارون نے سوشل میڈیا پر اس عجیب و غریب شادی کی تفصیلی معلومات شیئر کیں۔ارون نے کہا کہ انہوں نے 28 جولائی کو ایک شادی میں شرکت کی تھی، دولہا اور دلہن دونوں کا تقریبا 30 سال قبل انتقال ہو گیا تھا اور پھر بھی ان کے اہل خانہ نے ان کی شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یوٹیوبر نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ روایت ہے، جہاں متوفی دولہا اور دلہن کے خاندان شریک ہوتے ہیں، تمام رسم و رواج کسی بھی شادی کی طرح ہوتے ہیں، دو خاندان منگنی کے لیے ایک دوسرے کے گھر بھی جاتے ہیں۔