جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کی مزید اقسام سامنے آنے کے خدشے کا اظہار کر کے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سائنس داد سومیا سوامی ناتھن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا خاتمہ ابھی تک نہیں ہوا ہے، اس کی مزید اقسام بھی سامنے آئیں گی۔
سومیا سوامی ناتھن نے کہا کہ ہم نے کورونا وائرس کو تبدیل ہوتے دیکھا ہے، خدشہ ہے کہ کورونا وائرس کی مزید اقسام بھی ہوں گی۔
سائنس دان نے کہا کہ کورونا وائرس کی حالیہ لہر میں بدلاؤ آ سکتا ہے جبکہ اس کا پھیلاؤ بھی تیز ہو سکتا ہے، اس لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ کورونا وائرس کا خاتمہ ابھی ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کا سب سے پہلا کیس چین میں رپورٹ ہوا تھا اور اس کے بعد یہ دنیا بھر میں پھیل گیا تھا۔ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہوئی تاہم اس کی شدت کورونا وائرسل کی پھیلی لہروں سے کم معلوم ہوتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے اس سے قبل بھی امکان ظاہر کیا تھا کہ کورونا وائرس کی نئی اقسام آ سکتی ہیں۔