اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، انڈسٹری اور جامعات مل کر تحقیق و تعاون کے ذریعے ملکی مسائل کا حل نکالیں۔وہ جمعرات کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی داخلہ ایکسپو سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر تعلیم نے جامعہ کے نیو کیمپس میں ایکٹیویٹی سنٹر کے مقام پر ”زندگی بھر سیکھنے کے مواقع“کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم اور تکنیکی تجربہ رکھنے والے افراد کی پوری دنیا میں مانگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیشہ وارانہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس کے ساتھ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں پیشہ وارانہ تعلیم کے پروگرام شروع کریں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران باہمی تعلیمی تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور سعودی عرب کی امام محمد ابن سعود یونیورسٹی کے درمیان جاری تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے حکام نے پاکستانی طلبہ کے لئے سکالرشپس فراہم کرنے کے سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ امن و برداشت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اسلامی یونیورسٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اساتذہ کے ادب میں ہی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات مستقبل کے معمار ہیں۔