کراچی( کامرس رپورٹر )خوشحالی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ پاکستان کا ایک معروف ادارہ ہے۔ گزشتہ چند سال کے عرصہ میں اس نے’بہترین مائیکرو فنانس بینک‘ کے لیے چار ایوارڈز جیتے ہیں۔ اپنی 200 سے زائد شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کے علاوہ، اس نے ایک خصوصی SME چینل”خوشحالی کاروبار“ شروع کیا ہے جس میں ایسی خصوصی برانچز شامل ہیں جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے اپنی مرضی کی شرائط پرتیس لاکھ روپے تک کے قرضہ جات اور رننگ فنانسنگ کی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔تیزی سے فروغ پاتے ہوئے اس ایس ایم ای ڈسٹری بیوشن چینل نے 28 جون، 2022 کوکامیاب آپریشن کا اپنا پہلا سال مکمل کیا۔ اس سال کو منانے کے لیے حال ہی میں گوجرانوالہ میں ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس وقت گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخوپورہ میں خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کی مذکورہ برانچ چھوٹے قرض دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو مالیاتی سہولیات فراہم کر دی ہیں، جن میں خواتین کی ملکیت والے چھوٹے کاروباری ادارے بھی شامل ہیں۔ خوشحالی کاروبار کی برانچزاپنے قابل قدر صارفین کو ڈیپازٹ، انشورنس، اے ٹی ایم، انٹرنیٹ بینکنگ سمیت بینکنگ کی تمام سروسز کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غالب نشتر نے اس موقع پردیے گئے اپنے پیغام میں کہاکہ، ”یہ پاکستان کے مائیکرو فنانس اور ایس ایم ایز سیکٹرز کے لیے ایک خوش گوار لمحہ ہے، کیونکہ ہماری محنتی افرادی قوت کی کاوشیں پاکستان بھر میں چھوٹے کاروباروں کی ترقی اور پائیداری میں تیزی لا رہی ہیں۔ ہمارا باوقار ادارہ کسٹمر سروس کے اعلیٰ معیار کی فراہمی کے لیے بینک سے محروم چھوٹے کاروباری اداروں کی مارکیٹ تک مالیاتی رسائی کو بڑھا رہا ہے۔“سیلز اور آپریشنز کے عملے کی ایک بہترین ٹیم کو ’خوشحالی کاروبار‘ کے لیے خصوصی تربیت دی گئی تھی۔ یہ انتہائی ذمہ دار ٹیم چھوٹے کاروباروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرکے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کر رہی ہے۔خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کا قیام سال 2000 میں وسیع تر مالیاتی شمولیت اور غربت کے خاتمے کے وژن کے ساتھ کیا گیا تھا۔ اس نے اب تک 50 لاکھ سے زیادہ مطمئن صارفین کوآسان قرضے اور قیمتی وسائل فراہم کیے ہیں جبکہ محروم طبقات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے ہیں۔ بینک چھوٹے قرضوں اور ہاؤسنگ فنانس مارکیٹس کے لیے اپنی مرضی کے مطابق مصنوعات کی تشکیل کے لیے ایک مضبوط عزم رکھتا ہے۔