کراچی( کامرس رپورٹر ) عالمی سوشل میڈیا ٹیکنالوجی ادارہ میٹا (Meta) اور زندگی ٹرسٹ ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی حفاظت سے متعلق نقصان دہ مواد کے عدم پھیلاؤ کی مہم کا آغاز کرنے کے لئے وسیع آگہی اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے ساتھ اشتراک قائم کررہے ہیں۔ اس اشتراک کے تحت بچوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے مقامی اداروں اور پالیسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈیجیٹل حفاظت اور بچوں کے حقوق کے موضوعات پر پالیسی راؤنڈ ٹیبلز کی سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس میں شریک ادارے موجودہ جاری مہم کو آگے بڑھا کر سوشل میڈیا کے صارفین کو انفرادی طور پر کارروائی سے متعلق آگہی فراہم کریں گے تاکہ سائبر اسپیس میں بچے تشدد اور نشانہ بنانے والے مواد کا تدارک کیا جاسکے۔ اس حوالے سے رواں ہفتے تین راؤنڈ ٹیبلز کی پہلی سیریز زندگی ٹرسٹ اسکولز کے ساتھ کراچی میں منعقد ہوئی۔
ان راؤنڈ ٹیبلز میں بچوں کی حفاظت سے متعلق حساس مسائل سے نمٹنے کے لئے اہم سرکاری اداروں بشمول فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، وزارت انسانی حقوق، قومی کمیشن برائے حقوق اطفال (این سی آر سی) اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ مقامی اداروں کے درمیان ٹھوس رابطوں کے لئے سازگار پلیٹ فارم کی فراہمی متوقع ہے تاکہ میٹا کو تجاویز فراہم کی جائیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ موجودہ طریقہ کار کے ذریعے ایسے گھناؤنے مواد کے پھیلاؤ سے متعلق نقصانات اور انکی رپورٹنگ کی اہمیت اجاگر کی جائے اور سوشل میڈیا پر ایسے مذموم مواد کی اطلاع کے طریقوں پر روشنی ڈالی جائے۔ اس مہم میں سوشل میڈیا صارفین کو معلوماتی ویڈیوز کے استعمال سے آگہی فراہم کی جاتی ہے کہ کس طرح سے ایسے نامناسب مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بجائے باضاطہ طریقوں کے ذریعے رپورٹ کیا جائے، جسے شیئر کرنا کمر عمر متاثرین کو مزید نشانہ بننے کا سبب بن سکتا ہے۔ زندگی ٹرسٹ کے بانی اور پریذیڈنٹ، شہزاد رائے نے اس مہم سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "پہلے جب کبھی مجھے ایسا متاثر کرنے والا مواد ملتا تھا تو میرے ذہن میں پہلا خیال یہ ہوتا تھا کہ اسے شیئر کروں تاکہ اس جرم کے مرتکب شخص کو پکڑوانے میں مدد ہوسکے۔ تاہم، میں نے محسوس کیا ہے کہ یہ مواد بہت سے لوگوں کیلئے تکلیف کا باعث ہوسکتا ہے جبکہ یہ متاثرہ شخص کی پرائیویسی کے بھی خلاف ہے اور اسے آگے پھیلانا غیرقانونی بھی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مظلوموں کو انصاف دلائیں اور تکلیف دہ واقعات کو سنسنی خیز بنانے کے بجائے ڈیجیٹل دنیا کو زیادہ محفوظ بنانے کے لئے شعور بیدار کریں۔ زندگی ٹرسٹ بچوں کی حفاظت اور تعلیم کے لئے پالیسی سطح پر تبدیلی لانے والا ایک نمایاں ادارہ ہے۔ ہم حکومتی اداروں اور میٹا جیسی سوشل میڈیا کمپنیوں پر انحصار کرتے ہیں جس سے ہمیں اپنے اہداف کے حصول میں مدد ملتی ہے۔”میٹا کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی، ساؤتھ ایشیاء، صارم عزیز نے کہا، "بچوں کے استحصال اور زیادتی سے متعلق مواد کیلئے ہماری عدم برداشت کی پالیسی ہے۔ ہم بچوں پر تشدد اور ظلم و زیادتی سے متعلق مواد کی روک تھام، شناخت اور ہٹانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں۔ یہ نہایت حساس معاملہ ہے اس لئے ہم اپنی ایپس کی فیملی کو ایسے گھناؤنے مواد سے محفوظ رکھنے کے لئے جامع طریقہ کار پر عمل کرتے ہیں اور مقامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک جاری رکھتے ہیں، اور ایسے گھناؤنے مواد کو شیئر نہیں کرتے کیونکہ آگہی پھیلانے کی غرض سے اسکی حالت زار کو بطور ثبوت شیئر کرنے سے متاثرہ شخص مزید تکلیف میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ اسکے بجائے،یہ گھناؤنا مواد ایپ کے اندر ہی رپورٹ کیا جانا چاہیئے،یا،باضابطہ طریقوں کے ذریعے رپورٹ کیا جائے تاکہ سرکاری ادارے ان گھناؤنے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرسکیں۔” میٹا اور زندگی ٹرسٹ نے گزشتہ سال بچوں کی آن لائن سیفٹی کے لئے مشترکہ کاوشوں کا آغاز کیا۔ رواں سال، اس اشتراک کے دائرہ کار کو ملکی گیر سطح پر وسعت لاکر پھیلایا جارہا ہے۔