کراچی( بیورو رپورٹ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شہر میں بارشوں کے بعد امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ صبح سے اب تک کابینہ کے اراکین سڑکوں پر موجود ہیں اور پانی نکالنے کے عمل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ جب تک شہر سے بارش کا پانی نہیں نکلتا ،حکومت سندھ سوئے گی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں وزراء، افسران، بلدیاتی عملہ ، کے ایم سی، ڈی ایم سی، کنٹونمنٹ اور ڈی ایچ اے تمام ادارے نکاسی آب کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18گھنٹے سے بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اگر کسی کو انخلا کے لیے مدد کی ضرورت ہو تو حکومت سندھ ان خاندانوں کے لیے عارضی قیام اور کھانا فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں شہری بلا جھجھک ہیلپ لائن 1736 یا 919 پر رابطہ کریں۔ ہم 24 گھنٹے حاضر ہیں۔ دریں اثناء رات دیر گئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ، معاون خصوصی قاسم نوید کے ہمراہ سب میرین انڈر پاس پہنچ کر بارش کے پانی کی نکاسی کا معائنہ کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی مشینری انڈر پاس سے پانی نکالنے میں مصروف ہے ۔ انشاء اللہ انڈر پاس جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا ۔ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، مکیش کمار چاولہ ، معاون خصوصی قاسم نوید نے لیاری ،اولڈ سٹی ایریا ، آئی ائی چندریگر روڈ، سندھ اسمبلی ، گورنر ہاؤس، کلفٹن، سن سیٹ بولیورڈ اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء رات کے اس پہر میں بھی سڑکوں پر موجود ہیں ۔
شہر کے برساتی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیزی سے جاری ہے ۔ نشیبی علاقوں سے پانی پمپنگ کے ذریعے نکالا جا رہا ہے ۔ بلدیاتی اداروں کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ پانی کی نکاسی پر بھرپور کام کر رہی ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حیدرآباد شہر کی بھی صورتحال اب بہتر ہے ۔ لطیف آباد 7 نمبر انڈر پاس ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔