تہران ( نمائندہ خصوصی)ایران کے جنوبی صوبے فارس میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں کم از کم 18افراد ہلاک اور سینکڑوں بے گھر ہو گئے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق طوفانی بارشوں کے بننے والے سیلابی ریلے نے فارس کے شہر استہبان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، خشک سالی سے متاثرہ صوبے میں سیلابی کیفیت کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔گورنر فارس یوسف کاریگر کے مطابق رضا کاروں نے سیلابی صورتحال میں پھنسے 55افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ 6افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ایران کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ مارچ 2018 میں بھی ایران کے صوبے فارس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 44 افراد ہلاک ہوئے تھے۔