یمن (مانیٹرنگ ڈیسک نیٹ نیوز)یمنی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ یو ایس ایس ونسن کے بحیرہ عرب میں داخل ہونے کے بعد پہلی بار یمنی فورسز نے جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔یمنی مسلح افواج نے یمن کے خلاف امریکی جارحیت کے جواب میں متعدد فوجی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ ساری کی طرف سے پڑھے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی میزائل فورس نے "ذوالفقار” بیلسٹک میزائل کے ذریعے مقبوضہ جافہ کے علاقے بن گوریون ہوائی اڈے کے ارد گرد ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا۔یمنی مسلح افواج نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ مسلسل دوسرے مہینے یمنی سرزمین پر "متحرک اور ذمہ داری کے ساتھ امریکی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں” اور کسی بھی حملے میں اضافے کا بھرپور جواب دیں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یمنی فوجی یونٹوں نے بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں دو امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ٹرومین اور یو ایس ایس ونسن اور ان کے ساتھ موجود جنگی جہازوں کے خلاف دوہری فوجی کارروائی کی۔دوسری جانب یمنی فورسز نے اپنے فضائی دفاعی نظام کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے ایک امریکی ڈرون MQ-9 کو صوبہ صنعا کے آسمان میں مار گرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون ایک دشمنانہ مشن کو انجام دے رہا تھا۔یمنی مسلح افواج کی کمان نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ امریکہ کی مسلسل موجودگی اور فوجی تشکیل اور جارحیت کا جاری رہنا ہی ردعمل، حملوں اور تنازعات میں اضافے کا باعث بنے گا۔بیان میں آخر میں کہا گیا ہے: "یمنی قوم اپنی استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ فلسطینی عوام کی اپنی مضبوط اور دیرپا حمایت پر زور دیتی ہے اور اس سلسلے میں اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔”