کراچی (نمائندہ خصوصی) این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام سیکڑوں طلبہ و طالبات نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی ۔ اس مارچ میں شریک طلبہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔مارچ کے دوران شرکاء نے فلسطینی پرچم، پلے کارڈز اور علامتی جنازے اٹھا رکھے تھے، جب کہ فضاء "لبیک یا اقصیٰ”، "اسرائیل مردہ باد” اور "سبیلُنا سبیلُنا الجہاد الجہاد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنٹرولر اسٹوڈنٹس افیئرز، نائب صدر ایمپلائز ایسوسی ایشن اور اسلامی جمعیت طلبہ این ای ڈی کے ناظم نے فلسطینی مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی اور غزہ میں جاری قتلِ عام کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔