کراچی(اسٹاف رپورٹر) جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کےانٹرنیشنل اسٹینڈرڈکے فری اسکول ہاؤس آف ایجوکیشن کی نئی بلڈنگ کا افتتاح معروف پاکستانی نژادامریکی مخیر تاجر اور سیاست دان علی شیخانی نے کیا ،ان کے ہمراہ جے ڈی سی اسکول کو بنانے والے مخیر کاروباری شخصیت جناب ریاض کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری تمغہ امتیازظفر عباس نے مہمان خصوصی علی شیخانی، جناب ریاض صاحب کے اہل خانہ اور دیگر مہمان شخصیات کا شکریہ اداکیا۔علی شیخانی نے اپنے خطاب میں اسکول کے کامیاب پروجیکٹ پر ہاؤس آف ایجوکیشن کی انتظامیہ بالخصوص ظفر عباس کومبارک باد پیش کی اور ہر مہینے اسکول کو دس ہزار ڈالر ہدیہ کرنے کا اعلان کیا۔علی شیخانی نے اسکول کے تمام اسٹاف کو ایک ماہ کی تنخواہ کے مساوی بونس کے طور پر رقم دینے کا بھی اعلان کیا ۔پروگرام میں جے ڈی سی کے ڈونرجناب ریاض کی ہمشیرہ، ممتاز سماجی کارکن مراد سونی،اسکول پرنسپل شازیہ شہاب،سکھ کمیونٹی کے نمائندہ شخصیت سردار مگن سنگھ ،ضیاالدین کالج کے پرنسپل ارسلان اقبال،یوٹیوبرمبین شیخ اور دیگر مہمانان نے بھی خطاب کیا۔