اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)نے اپنی نئی سفری منزل باکو کے لئے ٹکٹوں پر پرکشش انعامات کی پیشکش کی ہے ۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے کارپوریٹ ونگ کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹکٹوں کی خریداری پر بیش قیمت انعامات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مسافروں کی ترغیب کے لئے سفر کیجیے باکو ہمارے ساتھ اور جیتیے دلچسپ انعامات! کے سلوگن کو شیئر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ابھی بک کریں، سامان پیک کریں اور اپنا سنہری موقع ضائع نہ کریں۔ واضح رہے کہ پی آئی اے نے لاہور سے باکو کے لئے 20 اپریل سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ باکو کے لئے نئی پروازیں 20 اپریل سے شروع ہو رہی ہیں۔ یہ پروازیں ہفتے میں دو بار (اتوار اور بدھ کو) لاہور سے روانہ ہوں گی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے اپنے نئے نیٹ ورک منزل باکو کے لئے پروازوں کے اعلان کے موقع پر ایک روڈ شو کا اہتمام کیا جس میں سیاحتی صنعت سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پی آئی اے کی ٹیم نے شرکاء کو فلائٹس کی اہم تفصیلات سے آگاہ کیا جو 20 اپریل 2025 سے شروع ہو رہی ہیں۔ روڈ شو کا عنوان "ایشیا کا یورپ” آپ کا منتظر ہے، رکھا گیا اور ایئر لائن نے مختلف ہیش ٹیگز کے ساتھ شیئر کیا ہے ۔