اسلام آباد( نمائندہ خصوصی): سینیٹرفیصل واوڈا نے کہا ہے اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے آج جو نعرے لگائے ،وہ ابھی تک میرے کانوں میں گونج رہے ہیں، آرمی چیف بہت کمانڈ اینڈ کنٹرول میں نظر آئے، وہ جذباتی بھی تھے،وہ ملک کو معمول کی سطح پر لے آئے ہیں، ہمارے سیاسی نظام میں ایسا لیڈر ہونا چاہیے۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء بہت اہم ہے اچھی خبریں آئیں گی، وفاقی وزیر خزانہ اچھا کام کر رہے ہیں، پاکستان کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر4.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں،اب پی ٹی آئی کہاں ہے؟، عالمی طور پر ریورسل ہونے والا ہے۔پاکستان میں کاپر نکل آیا ہے،دوہفتوں میں ایسی خبرآئے گی جو کسی نے چالیس، پینتالیس برسوں میں نہیں سنی ہوگی۔ ایم کیوایم پاکستان کے بعد پی ٹی آئی پاکستان کی دوڑ لگی ہوئی ہے کہ اس کا سکندرکون ہوگا؟عمران خان کو سب نے چھوڑدیا۔آرمی چیف ،پاکستان کے رونالڈو ہیں،گول کررہے ہیں،جس کا کریڈٹ سب لے رہے ہیں۔بدقسمتی سے پاکستان کے پاس ایک بھی لیڈر ایسا نہیں جو ایسے بات کرسکتا ہو۔ یہ سوال زائدالمیعاد جمہوری لاشوں کا ہے۔ کیا وہ جمہوریت لائیں گے؟مولانا فضل الرحمٰن سے احترام کا رشتہ ہے۔پی ٹی آئی کا ٹرمپ کارڈ کہاں گیا؟امریکہ سے اس کیلئے فنڈنگ کرنے والے بھی آج کنونشن میں موجود تھے کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں ایک سپہ سالار ملک کومشکلات سے نکال رہا ہے اور وہ وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔مائنز اور منرل کا کام کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔پی ٹی آئی والے امریکہ جا کر الیکشن لڑیں،یہاں تو نہیں لڑسکتے اور نہ جیت سکتے ہیں۔