اسلام آباد( نمائندہ خصوصی): وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار،ہارون اختر خان کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (PIM) کی جانب سے ادارے کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران ہارون اختر خان نے مینجمنٹ اور مارکیٹنگ کورسز کو پیشہ ورانہ اداروں کے استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ہنر مند افراد ملک کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی اداروں میں تجربہ کار پروفیشنلز کی موجودگی اعلیٰ معیار کے ٹرینی پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ نوجوان نسل کے لیے اکاؤنٹنگ، مارکیٹنگ اور فنانس جیسے مضامین سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ہارون اختر خان نے ادارے کو درپیش مالی خسارے پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کی ترقی کے لیے تربیت بے حد ضروری ہے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کو اپنی رسائی کو بڑھانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کے پروگرامز سے مستفید ہو سکیں۔PIM اس وقت عوامی ٹریننگ پروگرامز، کسٹمائزڈ کورسز، اور پروفیشنل ڈیولپمنٹ ٹریننگز فراہم کر رہا ہے۔ ہارون اختر خان نے ادارے کی استعداد اور کارکردگی بڑھانے کے لیے نئی ہدایات جاری کیں تاکہ یہ ادارہ قومی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکے۔