گوادر( نمائندہ خصوصی) بہاولپور سے تعلق رکھنے والے ارشد ولد صابر حسین نے 10 اپریل 2025 کو سٹی تھانہ گوادر میں رپورٹ درج کروائی کہ اس کا بھائی امجد ولد صابر حسین لاپتہ ہو چکا ہے اور اسے اطلاع ملی ہے کہ نامعلوم افراد نے امجد کو اغوا کر لیا ہے۔ شکایت کے مطابق امجد نے خود فون کال پر اپنے اغوا کی تصدیق کی اور کہا کہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جبکہ اغوا کار جاز کیش کے ذریعے رقم کا تقاضا کر رہے تھے۔ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندوخیل کی ہدایات پر ڈی ایس پی گوادر ملک احمد اور ایس ایچ او سٹی انسپکٹر محسن علی کی قیادت میں پولیس ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر فوری تفتیش شروع کی۔ پولیس نے ارشد کو مشورہ دیا کہ وہ رقم جاز کیش کے ذریعے منتقل کرے تاکہ ملزمان کو ٹریس کیا جا سکے تحقیقات کے دوران حیران کن انکشاف ہوا کہ امجد نے خود ہی اپنے اغوا کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا۔ وہ ایک خفیہ مقام پر چھپ کر اپنے بھائی سے پیسے بٹورنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے امجد کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔