لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے آسان کاروبارفنانس اورآسان کاروبار کارڈسکیم کو آسان تر بنانے کی ہدایت کی اور حکم دیا ہے کہ کاروباری حضرات کو ضرورت کے مطابق لون دیئے جائیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں آسان کاروبارفنانس اورآسان کاروبار کارڈ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس کیلئے نئے یونٹ قائم کرنے والے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرض حاصل کرنیوالو ں میں ٹرانسپورٹ،فارما سیوٹیکل،چھوٹے کاروبارکرنیوالے افراد شامل ہیں۔کاروبارفنانس کیلئے 80 ہزار سے زائد افراد کی قرض کی درخواستیں منظور ہوئی ہے۔ کاروبار فنانس اورکاروبار کارڈ کے ذریعے 34ہزار کاروباری افرا د کیلئے لون کا اجراء کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے قرض حاصل کرنے والے تمام افراد سے فیڈ بیک لینے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس کے دوران ہی قرض حاصل کرنے والے افراد سے اچانک کال کرکے خودفون پر با ت چیت کی اور قرض حاصل کرنے کے مراحل کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کریانہ سٹور کا کاروبار کرنے والے عدنان علی سے بھی بات چیت کی۔ عدنان علی نے کاروبارفنانس کارڈ کے ذریعے3لاکھ55ہزار ملنے پر اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ 3لاکھ55ہزارروپے کا سامان کریانہ سٹور میں ڈالنے سے کاروبار بڑھا ہے۔ تونسہ سے زرعی مداخل کا کاروبار کرنیوالے معین الدین نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے براہ راست بات چیت پر حیرانگی کا اظہار کیا اورفون کرنے پر شکریہ ادا
کیا۔ معین الدین نے بتایا کہ ایک لاکھ56ہزار روپے سے کھل،بنولہ،چوکر ونڈا ڈالنے سے کاروبار میں بہتری آئی ہے۔ آسان کاروبار فنانس کارڈ جیسی سکیم شروع کرنے پر محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لودھراں کے نواحی گاؤں 104میں کریانہ کی دکان چلانے والے ندیم احمد کو کال کرکے گفتگو کی۔ ندیم احمد نے بتایا کہ عید سے پہلے آسان کاروبار فنانس کارڈکے ذریعے 8لاکھ روپے ملنے سے دکان میں زیادہ سامان ڈالنے سے کاروبار بڑھا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کاروبار فنانس اسکیم میں شامل افراد کی کامیابی کی دعا کی۔