اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ 10 اپریل کو پاکستان اور اردن کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے دور میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لیے اردن کے دارالحکومت عمان کا سرکاری دورہ کریں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشاورت کے دوران باہمی دلچسپی اور تشویش کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور بشمول مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال، جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت اور پاکستان اردن تعلقات کے مختلف شعبوں میں تعاون کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سیکرٹری خارجہ کا دورہ اردن اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور اردن کے درمیان مشاورت سے باہمی افہام و تفہیم میں اضافہ اور مختلف دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا۔