لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کومالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں جاری ترقیاتی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں پنجاب یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔ صوبے بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرامز کے لئے جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تنخواہوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔ خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملیں گے۔