اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پی این ایس اصلت نے پاک بحریہ کی زیرِ قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 (CTF-151) کی معاونت میں صومالیہ کے مشرقی ساحل کے قریب بحیرہ عرب میں کاونٹر پائریسی پیٹرولنگ انجام دی۔پاک بحریہ کی قیادت میں CTF-151، خلیج عدن، سوکوٹرا گیپ اور صومالیہ کے مشرقی ساحل کے اطراف قزاقی کے خطرات کے پیش نظر، علاقے میں مؤثر بحری موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کوششوں کا مقصد بحری قزاقی، مسلح ڈکیتی اور دیگر
غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے تاکہ اہم تجارتی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔پی این ایس اصلت کی اس تعیناتی سے نہ صرف بحری قزاقی اور مسلح ڈکیتی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کا اظہار ہوتا ہے بلکہ یہ عالمی مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں بحری تجارت کے آزادانہ تسلسل کو یقینی بنانے کی پاکستان نیوی کی کاوشوں کا بھی عملی مظہر ہے۔