لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں کو مبنگ آپریشن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں دریائے سندھ کے قریب بھکر کے علاقے دریا خان میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں غیر قانونی طور پر گونجوں کا شکار کیا جا رہا تھا۔چیف وائلڈ لائف رینجرز پنجاب کو گونجوں کے شکار کی خفیہ اطلاع ملی، جس پر سرگودھا ریجن کی فیلڈ فارمیشن اور اسپیشل اسکواڈ کو فوری طور پر دریا خان روانہ کیا گیا۔ وائلڈ لائف کی ریڈنگ ٹیم کو دیکھتے ہی شکاری اپنا سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے۔محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم نے شکار میں استعمال ہونے والی 8گونجوں کو برآمد کر لیا، جبکہ غیر قانونی شکار کے لیے بنایا گیا عارضی ہائیڈ آؤٹ آگ لگا کر ختم کر دیا گیا۔ تمام شکار کا سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔تحقیقات کے مطابق قبضے میں لی گئی 8گونجوں کو دیگر سبریا ہجرت کرنے والی گونجوں کے شکار کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملزمان فتح اللہ، ویت اللہ خان اور رحمان اللہ کے خلاف نئے قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق گونج ایک تحفظ شدہ جنگلی حیات ہے، جسے رکھنا، پکڑنا اور شکار میں استعمال کرنا قانوناً ممنوع ہے۔ پنجاب میں غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔