کراچی( نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر جنرل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر سلمان رضا نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے خط کی تعمیل میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبہ سندھ کے تمام نجی اسکولوں کے لیے مراسلہ لکھا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر سلمان رضا نے الیکشن کمشنر آف پاکستان کے خط کی تعمیل میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے، تمام متعلقہ اسکول پرنسپلز اور پرائیویٹ ایڈمنسٹریٹرز کراچی اور حیدرآباد ریجنز کے تحت آنے والے ان نجی اسکولوں کو جنہیں 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے طور پر منتخب کیا گیا ہے،
گشتی مراسلے کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ وہ 22 سے 24 جولائی 2022 تک تمام بنیادی سہولتیں اسکولوں میں فراہم کر دیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چوکیدار، چپراسی، پانی، بجلی، چہار دیواری، بیت الخلا اور معذور ووٹرز کی وہیل چیئر کے ذریعے اسکول میں چڑھائی کو یقینی بنائیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشنر آف پاکستان کی مانیٹرنگ ٹیمیں ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے ساتھ پولنگ اسٹیشن کا دورہ بھی کریں گی تاکہ مذکورہ سہولتوں کی دستیابی کی تصدیق کی جا سکے، اس لیے ان کی سہولت کے لیے اسکول میں ایک یا دو افراد یا اسٹاف ممبران کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔