کراچی (نیوز رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی پی پی ہماری اتحادی جماعت ہے، تمام اہم فیصلوں میں ہم مشاورت کرتے ہیں، نہریں نکالنے کے مسئلے پر بھی پی پی پی سے مشاورت کرینگے اور اعتماد میں لینگے،پاکستان میں آئین کی نگرانی کرنے والے ادارے موجود ہیں،آئینی فریم ورک اس بات کی مضبوط گارنٹی فراہم کرتا ہے، کوئی صوبہ کسی دوسرے صوبے کے پانی کا ایک قطرہ نہ لے سکے، صوبہ سندھ کا ایک قطرہ پانی بھی پنجاب یا کوئی اور صوبہ نہیں لے سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ مین اسٹریم سے باہر ناکام سیاست دان پروپیگنڈا کرتے ہیں۔