اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کو باوقار روزگار اور اپنے کاروبار کی فراہمی کیلئے حکومت تمام تر ضروری وسائل و تربیت فراہم کرے گی، خواتین کے کاروبار میں اضافے اور تربیت کیلئے سہولت مراکز تک رسائی یقینی بنائی جائے گی، گھریلو و چھوٹے کاروبار سے منسلک خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل و سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق یہ ہدایات وزیراعظم نے ہفتہ کو اپنی زیرصدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے تحت جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کے دوران دیں۔وزیرِ اعظم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو باوقاو روزگار اور اپنے کاروبار کے ذریعے با اختیار بنانے کے حوالے سے بڑا اقدام اٹھایا ہے اور وزیرِ اعظم نے گھریلو صنعت و چھوٹے کاروبار سے منسلک خواتین کو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز سیکٹر (ایس ایم ای) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے گھریلو صنعت سے منسلک کاروباری خواتین کو کاروبار میں اضافے کیلئے ضروری
سرمائے اور سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی اور یوتھ لون اسکیم سے خواتین کو کم لاگت قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے دیہی و دور دراز علاقوں میں تعلیم یافتہ و ہنر مند خواتین کو اپنے کاروبار سے با اختیار بنانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ گھریلو صنعت سے منسلک خواتین کے کاروبار میں اضافے کیلئے انہیں ضروری تربیت کی فراہمی کی جائے اور اس حوالے سے سہولت مراکز قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ گھریلو و چھوٹے کاروبار سے منسلک خواتین کو سہولت مراکز و تربیتی سینٹرز تک رسائی یقینی بنائی جائےوزیرِاعظم نے گھریلو و چھوٹے پیمانے پر کاروبار سے منسلک خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل و سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔یہ کمیٹی خواتین کو اپنے کاروبار کے ذریعے با اختیار بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر سفارشات جلد وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا ًنصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کو با اختیار اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ خواتین کو باوقار روزگار اور اپنے کاروبار کی فراہمی کیلئے حکومت تمام تر ضروری وسائل و تربیت فراہم کرے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ خواتین کے کاروبار میں اضافے اور تربیت کیلئے سہولت مراکز تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیرِ اعظم یوتھ لون اسیکم کے ذریعے خواتین کو اپنے کاروبار کیلئے کم لاگت قرضہ جات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر وزیرِ اعظم کو سمیڈا کے تحت مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز کی ترقی کیلئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزرا ء ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔