اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):محکمہ موسمیات نےشدید بارشوں کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بشمول سیلاب زدہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز، شدید بارشوں کے دوران گھروں کے اندر رہنے اور مقامی حکام کی جانب سے انخلا کے احکامات پر عمل کریں۔اتوار کو نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کم دباؤ کا نظام شمالی علاقوں میں (آج) اتوار اور کل کو تیز بارش اور برف باری ک باعث بنے گا۔پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں 4 مارچ تک بارش اور برفباری ہوگی۔مقامی حکام کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ ایک طاقتور مغربی موسمی نظام آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہوں گی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوگی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برفباری، طوفان اور ممکنہ سیلاب کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔