اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردو و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے ابھی سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں جبکہ وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کی منظوری دی ۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے رمضان المبارک میں اشیائے خوردو و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے ابھی سے
حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر بی ایس 21 کے ڈاکٹر حسن الامین کو ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے مطالعہ پاکستان، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا ڈائریکٹر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان کی تقرری میرٹ پر شفاف نظام کے تحت کی گئی ہے۔وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہرہ رضا کو پانچ سال کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نان ایگزیکٹو ممبر کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کابینہ کی ایک سب کمیٹی نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور مذہبی رواداری کی حکمت عملی کا جائزہ لے کر کابینہ میں سفارشات پیش کی ہیں، اس پالیسی کے تحت
مذہبی رواداری کے حوالے سے ڈائیلاگز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا اور عوامی آگہی کی مہم بھی چلائی جائے گی۔ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کے حوالے سے ایکشن پلان بھی مذکورہ پالیسی کا حصہ ہے۔مذہبی رواداری کی حکمت عملی کے تحت نفرت آمیز مواد اور لٹریچر کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور مختلف فرقہ ورانہ تنازعات کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر لییلہ ایلیاس کلپانہ اور ستونت کور کی متروکہ وقف املاک بورڈ میں بطور خواتین ممبران تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر حکومت پاکستان اور حکومت عراق کے درمیان انکم ٹیکس اور کیپیٹل پر ڈبل ٹیکسیشن کے خاتمے اور ٹیکس چوری اور ٹیکس نادہندگی کے خاتمے کے حوالے سے کنونشن کے ابتدائی ڈرافٹ پر دستخط کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 فروری 2025ء کو ہوئے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2025 ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 11 فروری کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔