کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
جمعے کو کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستانی فاسٹ بولر کے ٹیسٹ کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بولنگ ایکشن کی درستگی تک کھیل سے دور رہیں گے۔
نوجوان بولر کے بولنگ ایکشن کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد ان کو لاہور کی لیبارٹری میں ٹیسٹ کیا گیا۔
بگ بیش میں سڈنی تھنڈرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے ان کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے کر رپورٹ کیا گیا تھا۔
محمد حسنین کو آسٹریلیا میں ہی بولنگ ٹیسٹ کرانا تھا تاہم وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کے لیے ملک واپس آ رہے تھے اس لیے ان کو لاہور میں بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا۔
پی ایس ایل کے رواں سیزن میں محمد حسنین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے ابتدائی تین میچ بھی کھیلے جو ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل تک قواعد کے مطابق کھیلنے کی اجازت تھی۔
اکیس سالہ فاسٹ بولر اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ بی بی ایل کھیلے اور اس سیزن کے پہلے ہی میچ میں انہوں نے 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔