لاہور(نمائندہ خصوصی)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا 9 فروری سے فوٹوسرس اسٹیڈیم میں آغاز ہوگا جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کریں گی۔ یہ شاندار ایونٹ پنجاب کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے کو اجاگر کرے گا اور ترقی و خوشحالی کے تسلسل کا مظہر ہوگا۔ اس ایونٹ کی تیاری گزشتہ چار ماہ سے جاری تھی اور اس میں پنجاب کے تمام رنگ یکجا ہوں گے۔پریس کانفرنس کے دوران سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ سابقہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے نتیجے میں ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، لیکن مسلم لیگ (ن) کی موثر حکمت عملی کے تحت معیشت کو مستحکم کیا گیا۔ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد پر آ چکی ہے، روٹی سستی ہوئی ہے، بین الاقوامی تعلقات میں بہتری آئی ہے، اور آئی ایم ایف سے معاہدے بحال کیے گئے ہیں۔تعلیم کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے جہاں 50,000 طلبائکو اسکالرشپ دی جا چکی ہیں، جبکہ سبسڈائزڈ سولر پروگرام، ای-بائیکس اور لیپ ٹاپ اسکیم بھی جاری ہے۔ انفراسٹرکچر کے میدان میں 900 نئی سڑکیں مکمل کی گئی ہیں اور اربن و رورل ہیلتھ یونٹس بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کیے گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ہسپتالوں میں 90,000 مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جبکہ سرگودھا میں نواز شریف کارڈیالوجی اسپتال کا منصوبہ جاری ہے۔ماحولیاتی بہتری کے لیے 75 مائیکرون سے کم کے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور 103 ٹن پلاسٹک کو اسکولوں اور اسپتالوں کے فرنیچر میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں 30 اے کیو آئی مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں جو مارچ تک 60 کر دئیے جائیں گے۔ زراعت کے شعبے میں کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر اسپریڈرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ کسانوں کے لیے ٹریکٹر اسکیم بھی متعارف کرائی گئی ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے 40 ارب روپے کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں ترقی کا سفر جاری ہے اور عوام انتشار کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ پنجاب کے عوام نے جھوٹ اور بدنظمی کی سیاست کو رد کر دیا ہے اور اب خیبر پختونخوا کے عوام بھی ترقی چاہتے ہیں نہ کہ محض گالی گلوچ اور انتشار۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف عوامی خدمت میں دن رات مصروف ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب میں مثالی ترقی ہو رہی ہے۔ہارس اینڈ کیٹل شو ایک فیملی ایونٹ ہوگا جس میں ثقافت، ادب اور پنجاب کے رنگ نمایاں ہوں گے۔ 80 مقامی اور 14 قومی ٹیمیں اس ایونٹ میں شرکت کریں گی جو اسے ایک شاندار قومی جشن میں تبدیل کرے گا۔ عوام اپنے گھروں میں بیٹھ کر پی ٹی وی اور دیگر چینلز پر اس خوبصورت ایونٹ کو دیکھ سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی ہی انتشار اور جھوٹ کی سیاست کا اصل جواب ہے اور یہی تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔