راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بنگلہ دیش کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن نے ملاقات کی جس میں خطے کے بدلتے ہوئے حالات، باہمی سٹریٹجک دلچسپی کے معاملات بشمول میری ٹائم تعاون اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ایم نظم الحسن نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر مہمان کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔