ہربن۔(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر ہربن میں نویں ایشین ونٹر گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور ایشیا کے دیگر سربراہانِ مملکت بھی موجود تھے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق تقریب میں برونائی کے سلطان، کرغزستان کے صدر اور تھائی لینڈ کے وزیراعظم سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ یہ گیمز 7 سے 14 فروری تک جاری رہیں گی جن میں 34 ممالک کے 1200 سے زائد اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستانی ونٹر اتھلیٹس بھی اس ایونٹ میں شریک ہیں۔صدر مملکت نے افتتاحی تقریب میں کھیلوں کے ذریعے علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان گیمز کے ذریعے علاقائی ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور پاکستان و چین کے درمیان سپورٹس ڈپلومیسی کو مستحکم کرنے کا موقع میسر آئے گااوراسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ایشین ونٹر گیمز پاکستان میں ونٹر سپورٹس کے فروغ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو سکتی ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی حکومت اور تمام کھلاڑیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔