راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی)شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے تینوں دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 فروری 2025ء کی شب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین خوارج جہنم واصل ہوئے جو برقع پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ہلاک خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔علاقے کو مزید خوارج سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔