اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے بدھ کویوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستانی مشنز میں سیمینارز، ویبینارز، تصویری نمائشوں اور دیگر متعدد سرگرمیوں و تقریبات میں تارکین وطن پاکستانیوں، میزبان ممالک کی نمایاں شخصیات اوردیگر ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی،مقررین نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور بھارتی مظالم کو اجاگرکیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں پر مبنی فوری منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ ان تقریبات میں شریک نمایاں شخصیات اور سفارتکاروں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں پر مبنی مسئلہ کشمیر کے فوری اورمنصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا ۔تقریب میں سفارتی مشنز کے سربراہان نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے جس میں کشمیر کاز کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کو اجاگر کیا گیا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں، سمندر پار کشمیریوں، ماہرین تعلیم اور صحافیوں نے شرکت کی جنہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے سات دہائیوں پر محیط جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی تسلط اور ظلم و ستم کے خلاف کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کا امیج خراب کرنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اس تحریک کو پرامن اور جائز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی قرار دیا۔ ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی سات دہائیوں سے زائد طویل کوششوں کو سراہا۔ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ اردن میں پاکستانی سفارت خانے نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا جس میں جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔اس تقریب میں اردن کی ممتاز شخصیات، ممتاز سماجی کارکنوں، سکالرز، ذرائع ابلاغ کے افراد اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے شرکت کی۔ مقررین نے کشمیری عوام کی تاریخ، چیلنجز اور امنگوں پر روشنی ڈالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ تقریب میں سفیر محمد خالد جمالی، سفارت خانے کے عملے اور کمیونٹی نے شرکت کی۔ سوئٹزرلینڈ میں پاکستانی سفارت خانے نے یوم یکجہتی کشمیر منایا اور سوئٹزرلینڈ میں مقیم کشمیری برادری نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ لبنان میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان اور لبنان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور تھنک ٹینکس سمیت پینلسٹوں نے مسئلہ کشمیر، بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ملائیشیا میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین ایم اے پی آئی ایم سیگو اعظمی عبدالحمید (ستارہ پاکستان) نے کی۔ آئی اے آئی ایس میں ریسرچ کے سربراہ ڈاکٹر عبداللطیف اور اے سی سی آئی این کے سی ای او ڈاکٹر جمال الدین شمس الدین نے بھی خطاب کیا۔ سول سوسائٹی ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی ایک بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاپانی اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کیا۔اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ سفیر نے صدر مملکت ، وزیر اعظم ان اور نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے حوالے سے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے۔ بحرین میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ ویتنام میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے کشمیری عوام کی حالت زار پر روشنی ڈالی اور کشمیری عوام کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ کشمیری عوام کی آزادی کے لئے بے شمار قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے نے5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جس کا مقصد کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر علاقائی تنازعہ سے کہیں بڑھ کر ہے اور بین الاقوامی برادری کے انصاف اور انسانی حقوق کے عزم کا امتحان ہے، عالمی رہنما اور ادارے فیصلہ کن اقدامات کریں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کا احتساب کریں، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو واپس لیں اور کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے کو یقینی بنائیں۔ترکیہ کے سابق وزرا، موجودہ اراکین پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، انقرہ میئر آفس، ماہرین تعلیم اور میڈیا کی طرف سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل اوور دوٹوک حمایت کا اعادہ کیا گیا جن میں ترکیہ کے سابق نائب وزیر اعظم رجب آقداغ ، ترکیہ کے سابق وزیر زراعت محمد مہدی ایکر، سابق ترک وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات، موجودہ اسلامی ممالک کے لئے شماریاتی، اقتصادی اور سماجی تحقیق اور تربیت ی مرکز (ایس ای ایس آر آئی سی) کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ زہرہ زمروت، رکن پارلیمنٹ برہان کایا، رکن پارلیمنٹ مصطفی کایا، نائب میئر انقرہ میونسپلٹی فاروق کوئلوگلو، صدر جیو اسٹریٹجک فارسائٹ انسٹی ٹیوٹ جنرل (ر) گورے الپار، نائب صدر انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک تھنکنگ الپار تان، سفیر(ر) نعمان ہزار، میڈیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ترکی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔سعودی عرب میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جس کی مرکزی تقریب پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت ، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔